نیند نہیں آ رہی بےچینی میں کروٹیں بدلتے ہوٹل کی بالکونی میں آ کر بیٹھ گیا ہوں
آج ایک نئی بات کا ادراک ہوا ہے کہ بغیر کوئی جنگ لڑے بھی آپ شکست کھا سکتے ہیں
دو دن سے اپنے وطن پاکستان کے چاروں صوبوں کی حدود سے باہر ہوں
میں جب اسلام آباد سے آزاد کشمیر کے لئے نکلا تھا ملک میں سیاست کا بازار گرم تھا اور یہاں کیرن آ کر تمام موبائل نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ کی سہولیات سے محروم ہو گیا تھا اس لئے امید تھی کہ یہاں سکون سے کچھ وقت کٹے گا
آج ملک کے جنرل الیکشنز تقریبا عافیت کے ساتھ نپٹ چکے ہیں کچھ کچھ خبریں جو یہاں پہنچی ہیں ان کے مطابق عمران خان واضح اکثریت سے جیت چکے ہیں
خبروں کا ذریعہ یہاں چلنے والا واحد نیوز چینل اے آر وائی ہے جس پر صبح سے پاک بھارت جنگ والا سماں تھا چینل بار بار یہ باور کرا تھا کہ نوازشریف کی شکست اصل میں انڈیا کی شکست ہے
صبح ہوتے ہی رتی گلی چلا گیا سارا دن وہاں گزارا اور عشا کے قریب واپس ہوٹل پہنچا تو پتہ چلا کہ تاریخ نے ایک بار پھر اپنے آپ کو دہرا دیا ہے سبز چوغے والی بزرگ روحیں اور جنات وغیرہ میدان مار چکے ہیں باطل کو شکست فاش ہوئی یہود و ہنود کی سازش ناکام ہوئی اور تمام انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ اس وقت اپنے زخم چاٹ رہی ہے
تقریبا انہی انتخابی نتائج کے اعداد و شمار کا خاکہ لے کر یہاں آیا تھا مگر بات وہی کہ کالک کہیں بھی آپ کے منہ پر ملی جا سکتی ہے جیسے موت کہیں بھی پہنچ سکتی ہے
ابھی کل رات ہی دو بجے کے قریب ٹیرس پر بیٹھے چائے پی رہے تھے کہ بادل گرجنے جیسی آوازیں آنے لگیں ہوٹل میں بھگدڑ مچ گئی بتیاں بجھائی جانے لگیں ایک ویٹر بھاگتا ہوا آیا اور کہنے لگا فورا کمرے میں جائیں سامنے پہاڑی پر لائن آف کنٹرول ہے اور وہاں سے گولہ باری شروع ہو گئی ہے ہم گھبرا کر کمروں میں چلے آئے
ماحول بہت سنجیدہ ہو گیا بھائی پریشانی میں تھے کہ خطرہ ہے یہاں نہیں آنا چاہئے تھا میں بھائی سے ہنسی مذاق کرنے لگا کہ اے آر وائی لگاو شاید بریکنگ نیوز چل گئی ہو کہ مودی نے اپنے یار کو بچانے کے لئے پاکستان پر حملہ کر دیا ہم ایسے ہی شغل لگاتے سو گئے آج جو سیاسی تماشہ پورے ملک میں لگایا گیا گو اس کا ادراک پہلے سے تھا مگر اس کو ہضم کرنا بہت مشکل کام تھا
وطن عزیز میں سیاسی انجینیئرنگ کامیاب رہی تھی اب امید ہے نوازشریف کے سائے سے بھی پاک نئی حکومت کے پہلے سو دنوں میں ہی پاکستان کی کایا پلٹ جائے گی ڈالر پچاس روپے سے بھی نیچے منہ کے بل آ کے گرے گا
اعداد و شمار راکٹ کی سپیڈ سے بہتری کے گراف دکھانے لگ جائیں گے پاکستان اقوام عالم اور عالم اسلام کو لیڈ کرنے کی پوزیشن پر آ جائے گا ملک سے غربت یا غریب میں سے ایک چیز کا خاتمہ لازمی ہو جائے گا اور آدھی سے زیادہ دنیا پاکستان سے قرضے مانگ تانگ کر گزارہ کرے گی وغیرہ وغیرہ
دل کو ان باتوں کا یقین دلا کر دوبارہ ہوٹل کے ٹیرس پر آ کر بیٹھ گیا ہوں
رات کے تین سے اوپر کا وقت ہو گیا ہے ہوٹل کے ٹیرس پر بیٹھے پانچواں سگریٹ سلگا لیا ہے
میرے سر کے عین اوپر لائٹ جل رہی ہے نیچے چھوٹی سی سڑک ہے جس کے ساتھ دریائے نیلم اپنی پوری گھن گرج کے ساتھ بہہ رہا ہے اور دریا کے پرلی طرف وہ پہاڑی ہے
جس پر لائن آف کنٹرول ہے جہاں موجود تاک میں بیٹھی بھارتی فوج سے اس وقت مجھے ڈر نہیں لگ رہا
سرحد کے اُس پار بیٹھی فوج سے تو بالکل نہیں ۔۔۔۔
No comments:
Post a Comment